ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / بھٹکل کے ایچ بی کالونی میں بورڈ نکالنے کی کوشش پر عوام نے آفسران کو لیا آڑےہاتھ

بھٹکل کے ایچ بی کالونی میں بورڈ نکالنے کی کوشش پر عوام نے آفسران کو لیا آڑےہاتھ

Sat, 27 Mar 2021 16:12:01    S.O. News Service

بھٹکل 27 مارچ (ایس او نیوز) تعلقہ کے" کے ایچ بی کالونی "   میں  کے ایچ بی پارک ون اور پارک ٹو کے بورڈ کو نکالنے کے دوران  مقامی لوگوں کے سخت اعتراض کے بعد  جب اعلیٰ حکام جائے وقوع پر پہنچے تو اُنہیں عوام نے آڑے ہاتھوں لے  لیا اور بورڈ نکالنے کی کوشش کو ناکام بنادیا۔ واردات جمعہ کی شام کو پیش آئی۔

ذرائع سے ملی اطلاع کے مطابق کرناٹکا ہاوسنگ بورڈ  (کے ایچ بی) کے رہائشیوں نے  کے ایچ بی سوسائٹی کے نام سے  ایک ادارہ قائم کیا ہے ، جس کے تحت علاقہ میں  ایک پارک بھی قائم ہے، بتایا جاتا ہے کہ  جالی پٹن پنچایت کی طرف سے پارک کو ڈیولپ کیا گیا تھا مگر یہاں کسی بھی بورڈ پر جالی پٹن پنچایت کا تذکرہ نہیں کیا گیا ہے، جس پر آفسران نے سخت اعتراض جتاتے ہوئے  کے ایچ بی  سوسائٹی کا بورڈ نکالنے کی کوشش کی، مگر مقامی عوام پل بھر میں جمع ہوتے ہوئے سخت احتجاج کیا   اور آفسران کو آڑے ہاتھ لیتےہوئے سوال کیا کہ   نصب شدہ بورڈ نکالنے کا آپ کو کس نے اختیار دیا ہے ؟  مقامی لوگوں کا کہنا ہے کہ   یہ کرناٹکا ہاوسنگ بورڈ کے رہائشیوں کی پراپرٹی ہے، جالی پٹن پنچایت کی طرف سے صرف پارک کو ڈیولپ کیا گیا ہے،   پراپرٹی جالی پٹن پنچایت کی نہیں ہے، اسی بات پر کافی دیر تک   لفظی جھڑپ ہوئی۔  

کے ایچ بی سوسائٹی کے صدر عرفان محتشم نے بتایا کہ اگر جالی پٹن پنچایت کی طرف سے پارک کو ڈیولپ کرنے کی بنا ء پر وہ لوگ یہاں جالی پنچایت کا  ایک بورڈ نصب کرنا چاہتے   ہیں  تو ہمیں کوئی اعتراض نہیں ہے، مگر سوسائٹی کا نصب شدہ بورڈ نکالنے کی کوشش کرنا بالکل غلط ہے۔ 

پتہ چلا ہے کہ اُسی علاقہ کے کسی ایک شخص نے پنچایت میں  پنچایت کا بورڈ نہ ہونے کی شکایت کی تھی جس پر آفسران حرکت میں آگئے تھے،  مقامی لوگوں نے  اس بات پربھی سخت ناراضگی ظاہر کی  کہ ایک شخص کی شکایت پر آفسران بنا کچھ سوچے سمجھے اور  ذمہ داران سے  بات چیت کئے   کے ایچ بی بورڈ  کو اُ کھاڑنے کے  لئے پہنچے تھے، جس کی اُنہیں ہرگز اجازت نہیں دی جاسکتی۔ معلوم ہوا ہے کہ  افسران کے ساتھ لفظی جھڑپ کے دوران پولس فورس بھی جائے وقوع پر پہنچی، مگر عوام  سختی کے ساتھ اپنی بات پر آڑ گئے اور بورڈ نکالنے کی کوشش کو ناکام بنادیا۔

اس تعلق سے ساحل آن لائن نے  جالی پٹن پنچایت کے  چیف آفسر  اجے بھنڈارکر سے رابطہ کرنے کی کوشش کی  تاکہ  اُن سے بھی  معلومات حاصل  کی جاسکے ، مگر  انہوں نے فون ریسو نہیں کیا۔


Share: